بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 15 دہشتگرد مارے گئے
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارت کے حمایت یافتہ 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں صوبے کے اضلاع ہرنائی اور بسیما میں کی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع ہرنائی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر فورسز نے فوری آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 12 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کا خاتمہ ممکن بنایا گیا۔
دوسری جانب ضلع بسیما میں بھی ایک الگ کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 3 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔ فورسز نے مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگایا اور فیصلہ کن آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے جانے والے دہشتگرد مختلف دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے اور سکیورٹی اداروں کو مطلوب تھے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔









