کوہاٹ پولیس لائنز حملہ، ملوث دہشتگرد نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا گیا
کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق سی ٹی ڈی کی مشترکہ ٹیم نے حملے میں ملوث دہشتگرد نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دو دہشتگرد تنظیموں نے مبینہ طور پر باہمی تعاون سے کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ حملہ آوروں کا مقصد سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ سے اپنے ساتھیوں کو چھڑانا تھا۔
تحقیقاتی ٹیم کے مطابق دہشتگردوں نے کارروائی سے قبل کوہاٹ میں چند روز قیام کیا۔ مبینہ طور پر حملہ آوروں کو رہائش فراہم کرنے والے افراد کے مکان پر بھی چھاپہ مارا گیا، جہاں سے اہم شواہد اکٹھے کیے گئے۔
حکام کے مطابق چھاپے کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ ان سے حملے کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والے خودکش حملہ آور کی گاڑی کا ڈیٹا اور دیگر تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔ حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے اور حملے میں ملوث دیگر افراد تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور مزید شواہد سامنے آنے کے بعد حملے کے نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں سے متعلق مزید معلومات سامنے آسکتی ہیں۔








