خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 8 دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 8 دہشتگرد ہلاک

پشاور: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے اور علاقے میں دہشتگردی کی سرگرمیوں کے لیے ٹھکانوں کو استعمال کر رہے تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے ایک مسجد کو بطور ڈھال استعمال کرنے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے مسجد کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے انتہائی احتیاط اور مہارت سے کارروائی مکمل کی۔

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

حالیہ دنوں میں شمالی وزیرستان سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں متعدد دہشتگرد ہلاک کیے گئے ہیں۔ 18 ستمبر کو بھی شمالی وزیرستان اور ہنگو میں کارروائیوں کے دوران 10 دہشتگرد ہلاک ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔

23 ستمبر کو شمالی وزیرستان کے دتہ خیل علاقے میں بھی ایک انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں 4 دہشتگردوں کی ہلاکت اور اسلحہ برآمد کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی تھی، تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

More News