ضلع مہمند میں انڈے کے حجم کے اولے، ٹماٹر کی تیار فصل تباہ

ضلع مہمند میں انڈے کے حجم کے اولے، ٹماٹر کی تیار فصل تباہ

مہمند: خیبرپختونخوا کے اضلاع مہمند اور خیبر کی مختلف تحصیلوں میں گزشتہ رات بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی، بعض علاقوں میں انڈے کے حجم کے اولے پڑنے سے کھڑی فصلوں اور املاک کو نقصان پہنچا۔

مقامی افراد کے مطابق ضلع مہمند کی تحصیل پنڈیالی کے مختلف علاقوں میں شدید ژالہ باری سے فصلیں متاثر ہوئیں۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی کھڑی فصل کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ بعض مقامات پر تیار فصل مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

کاشتکاروں کے مطابق فصلوں کو پہنچنے والے نقصان سے انہیں بھاری مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے حکومت متاثرہ علاقوں کا سروے کرکے نقصانات کا ازالہ کرے۔

دوسری جانب تحصیل امبار کے علاقے گمبتی میں بھی شدید ژالہ باری ہوئی، جس کے باعث متعدد گھروں اور زمینوں پر نصب سولر پینلز ٹوٹ گئے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مہمند اور خیبر کے ان علاقوں میں بڑے حجم کے اولے پڑنے کے واقعات گزشتہ چند برسوں سے مسلسل سامنے آرہے ہیں، جس سے فصلوں اور گھریلو املاک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

متاثرہ افراد نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ژالہ باری سے ہونے والے نقصانات کا فوری جائزہ لے کر متاثرہ کاشتکاروں اور شہریوں کی مالی معاونت کی جائے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ پشاور سمیت بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

More News