فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مالدیپ کے پارلیمانی اسپیکر کی ملاقات
اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مالدیپ کی پیپلز مجلس کے اسپیکر عبد الرحیم عبداللہ نے ملاقات کی، جس میں علاقائی سیکیورٹی، باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و مالدیپ کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے علاقائی امن و استحکام کی صورتحال اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔
ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
مالدیپ کی پیپلز مجلس کے اسپیکر عبد الرحیم عبداللہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان مزید قریبی روابط اور تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور پاکستان و مالدیپ کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔








