ڈرائیونگ لائسنس کے لیے 13 سرکاری ہسپتالوں میں مفت میڈیکل سرٹیفکیٹ کی سہولت

ڈرائیونگ لائسنس کے لیے 13 سرکاری ہسپتالوں میں مفت میڈیکل سرٹیفکیٹ کی سہولت

لاہور میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے شہری اب 13 سرکاری ہسپتالوں سے مفت میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں خصوصی کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے لیے مفت میڈیکل سرٹیفکیٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان ہسپتالوں میں ڈی ایچ کیو میاں میر، ڈی ایچ کیو مزنگ، جنرل ہسپتال غازی آباد، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبزہ زار، گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد، گورنمنٹ جنرل ہسپتال قلعہ گجر سنگھ، گورنمنٹ جنرل ہسپتال شاہدرہ، تحصیل ہیڈکوارٹر بلال گنج، گورنمنٹ ہسپتال سوڈیوال، تحصیل ہیڈکوارٹر کاہنہ، تحصیل ہیڈکوارٹر رائے ونڈ اور گورنمنٹ آئی اینڈ جنرل ہسپتال سوامی نگر شالیمار شامل ہیں۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے لیے میڈیکل فٹنس لازمی ہے، جبکہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے بھی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ضروری قرار دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس کی روک تھام کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس مینجمنٹ سسٹم کو محکمہ صحت کے آن لائن نظام سے منسلک کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس سے میڈیکل سرٹیفکیٹس کی آن لائن تصدیق اور ریکارڈ کا عمل مزید شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔

More News