سندھ حکومت کا فیک نیوز کی روک تھام کے لیے این سی سی آئی اے سے مدد لینے کا فیصلہ

سندھ حکومت کا فیک نیوز کی روک تھام کے لیے این سی سی آئی اے سے مدد لینے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے فیک نیوز اور گمراہ کن اطلاعات کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی میں سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات معز پیرزادہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیک نیوز کی نگرانی اور مؤثر میڈیا حکمت عملی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ مین اسٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور گمراہ کن اطلاعات کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی اطلاعات کے ذریعے کسی بھی شخص یا ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔

سینیئر وزیر نے کہا کہ فیک نیوز کی نشاندہی، تصدیق اور بروقت تدارک کے لیے محکمہ اطلاعات میں مؤثر مانیٹرنگ کا نظام بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے این سی سی آئی اے سے معاونت حاصل کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اطلاعات اور این سی سی آئی اے کے درمیان تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا، جبکہ سندھ حکومت کے بیانیے کو امن، رواداری، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے اصولوں کے تحت اجاگر کرنے کے لیے جدید ذرائع ابلاغ سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔

More News