پشاور سول سیکرٹریٹ کے دفاتر سکیورٹی خدشات کے باعث خالی کرا لیے گئے
پشاور: صوبائی دارالحکومت میں ممکنہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سول سیکرٹریٹ کو مقررہ وقت سے قبل بند کر دیا گیا، جبکہ وہاں موجود ملازمین کو فوری طور پر چھٹی دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق سول سیکرٹریٹ میں موجود سرکاری گاڑیوں کو بھی باہر نکالنے کی ہدایت کی گئی۔ سول سیکرٹریٹ میں صوبائی حکومت کے تقریباً 36 محکموں کے سیکرٹریز اور دفاتر قائم ہیں، تاہم چیف سیکرٹری آفس بدستور کھلا رہا جبکہ دیگر بیشتر دفاتر بند کر دیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شامی روڈ پر واقع ایکسائز دفتر، جبکہ ورسک روڈ پر محکمہ صحت، اطلاعات سمیت دیگر سرکاری دفاتر بھی سکیورٹی خدشات کے باعث بند کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ممکنہ خودکش حملے کے خدشے کے پیش نظر سول سیکرٹریٹ میں سکیورٹی اقدامات کیے گئے، جبکہ محکمہ خزانہ اور منصوبہ بندی و ترقی کی مساجد میں نماز جمعہ کے دوران ممکنہ حملے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا۔
سکیورٹی تھریٹ کے باعث مختلف صوبائی محکموں میں فوری طور پر چھٹی کر دی گئی، تاہم سکیورٹی خدشات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے تاحال کوئی تفصیلی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ انتظامیہ کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی سول سیکرٹریٹ پشاور سے متعلق حالیہ انتظامی ریکارڈ موجود ہے۔







