فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات، دفاعی تعاون جاری رکھنے کا عزم
ریاض: چیف آف آرمی اسٹاف اور کمانڈر ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی امور اور مکہ دفاعی تعاون معاہدے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں ہونے والی ملاقات میں مکہ دفاعی تعاون معاہدے میں شامل ممالک کے سربراہانِ افواج کے حالیہ اجلاس کے نتائج کو سراہا گیا اور معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے مکہ مکرمہ اور سعودی عرب میں شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر سعودی اور پاکستانی قیادت نے مکہ دفاعی تعاون معاہدے کے تحت ایسے حملوں کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ملاقات کے دوران معاہدہ مکہ برائے مشترکہ دفاع سے متعلق ممالک کے چیفس آف اسٹاف اجلاس کے نتائج کو سراہا گیا اور اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک معاہدے کے دائرہ کار میں تعاون اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
ملاقات میں سعودی وزیر مملکت، رکن مجلس وزرا اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور وزیر دفاع کے انٹیلی جنس امور کے مشیر ہشام بن عبدالعزیز بن سیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔








