پشاور میں عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح، ٹی ٹوئنٹی میچز کے ٹکٹ مفت کرنے کا اعلان
رپورٹ:جنید طورو
پشاور: پشاور میں واقع عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی میچز کے ٹکٹ مفت دینے کا اعلان کر دیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ اسٹیڈیم پہنچے تو انہوں نے تماشائیوں سے ملاقات کی اور کھلاڑیوں کو پشاور آمد پر خوش آمدید کہا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پشاور کے عوام کرکٹ سے بے حد محبت کرتے ہیں اور یہاں کرکٹ کا جنون نمایاں طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے پشاور کو کرکٹ کی میزبانی دے کر یہاں کے شائقین کو بڑی خوشی دی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ مہمان نواز ہیں اور تمام کھلاڑیوں کو یہاں کھیلنے کا بھرپور لطف آئے گا۔
خطاب کے دوران انہوں نے صوبے کے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ جلد ہی پشاور میں پاکستان سپر لیگ کا میچ بھی منعقد کرانے کی کوشش کی جائے گی۔
اسٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا تاہم آتش بازی کی تیز آوازوں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس کی کیفیت بھی پیدا ہوگئی۔








