پشاور: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 6 اور 7 مارچ کو سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر صوبے کے مختلف علاقوں میں پانچ الگ الگ کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور خوارج کے درمیان جھڑپوں میں 13 خوارج مارے گئے۔
بیان کے مطابق ضلع باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچ خوارج ہلاک ہوئے۔ اسی طرح بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائیوں کے دوران مزید تین خوارج مارے گئے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں بھی دو مختلف جھڑپوں کے دوران پانچ خوارج ہلاک ہوئے۔ ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ وہ علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان کی سرحد پر درپیش چیلنجز کے باوجود دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں موجود بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی جاری ہے اور سکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔








