اپر کوہستان اسکینڈل: 40 کروڑ اور 74 کروڑ روپے سمیت جائیدادیں ضبط

اپر کوہستان اسکینڈل: 40 کروڑ اور 74 کروڑ روپے سمیت جائیدادیں ضبط

پشاور: احتساب عدالت نے اپر کوہستان اسکینڈل میں گرفتار ملزم مشرف شاہ کے بے نامی داروں کے اثاثوں سے دستبرداری کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے بے نامی داروں کے بینک اکاؤنٹس میں موجود 40 کروڑ اور 74 کروڑ روپے سرکاری اکاؤنٹ میں منتقل کرنے اور تمام مذکورہ اثاثے ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔

فیصلے کے مطابق ملزم مشرف شاہ کی اہلیہ کے نام ایبٹ آباد میں ایک کنال 16 مرلے کا گھر جبکہ بشام، شانگلہ میں 3 کنال 16 مرلے زرعی اراضی بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

دوران سماعت بیرون ملک مقیم بے نامی دار محمد املاق اور ارشد خان ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے، جبکہ ملزم مشرف شاہ، ان کی اہلیہ، نیب پراسیکیوٹر مانک شاہ، تفتیشی افسر عنایت اللہ اور ملزم کے وکیل بھی عدالت میں موجود تھے۔

فیصلے کے مطابق بے نامی داروں نے اپنے بیانات میں بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم کو جرم کی کمائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے لاعلم تھے۔ ملزم کی اہلیہ نے بھی بیان دیا کہ مذکورہ جائیدادیں ان کے شوہر نے خریدی تھیں اور وہ انہیں سرکار کے حق میں ضبط کرنے پر رضامند ہیں۔

عدالت نے فریقین کے بیانات اور پیش کردہ دستاویزات کی روشنی میں نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے تمام مذکورہ بینک بیلنس اور جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا۔

More News