بارش کے باعث پیسکو کے 83 فیڈرز پر بجلی کی فراہمی متاثر
پشاور: خیبر پختونخوا میں بارش کے باعث پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) ریجن کے 83 فیڈرز پر بجلی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہوئی ہے۔
پیسکو ترجمان کے مطابق پشاور کے 19، خیبر کے 13، صوابی کے 9، مردان کے 29 اور سوات کے 13 فیڈرز پر بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی، جبکہ دیگر تمام فیڈرز پر بجلی معمول کے مطابق فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق پیسکو چیف اختر حمید خان کی ہدایت پر آپریشن ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
پیسکو حکام کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں بارش رک گئی ہے وہاں بجلی کی بحالی کے لیے مرمتی کام شروع کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں بارش رکنے کے فوراً بعد بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے کام شروع کیا جائے گا۔
پیسکو نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات اور ٹوٹے ہوئے تاروں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
بجلی سے متعلق شکایات کے لیے صارفین پیسکو ہیلپ لائن 118 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔








