خیبر میں پولیس کارروائی، 3 مبینہ منشیات سمگلر گرفتار

خیبر میں پولیس کارروائی، 3 مبینہ منشیات سمگلر گرفتار

خیبر: علی مسجد پولیس نے دشوار گزار علاقے لالاکنڈو میں کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ منشیات سمگلروں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 20 کلوگرام چرس اور ایک رائفل برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد کی ہدایت پر منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف جاری مہم کے تحت کی گئی۔ ایس ایچ او علی مسجد اتحاد آفریدی کی نگرانی میں ایڈیشنل ایس ایچ او یار جان کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری نے لالاکنڈو کے دشوار گزار علاقے میں کارروائی کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران اہلکاروں اور مبینہ منشیات سمگلروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، تاہم پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت حضر ولد یار محمد، عبدالرزاق ولد حبیب خان اور ولی محمد ولد شاہ فیصل کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں کا تعلق زخہ خیل سے ہے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ڈی پی او خیبر وقار احمد نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

More News