پیٹرول مہنگا ہونے سے شہریوں کے یومیہ سفری اخراجات 20 فیصد بڑھ گئے

کراچی: پیٹرول مہنگا ہونے سے شہریوں کے سفری اخراجات میں نمایاں اضافہ

کراچی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد شہریوں کے یومیہ سفری اور فیول اخراجات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آن لائن ٹیکسی اور بائیک سروس کے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد آن لائن ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے والے ڈرائیورز نے کرایوں میں 5 سے 10 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب موٹر سائیکل استعمال کرنے والے شہریوں کے روزانہ فیول اخراجات میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے۔

آن لائن بائیک سروس فراہم کرنے والے ڈرائیور ریحان نعیم کے مطابق پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد کم فاصلے کے کرائے میں تقریباً 50 روپے، درمیانی فاصلے میں 80 روپے اور زیادہ فاصلے کے کرائے میں 100 سے 120 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرایوں میں اضافے کے باعث کئی افراد اب پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دینے لگے ہیں۔

اسی طرح بائیک سروس فراہم کرنے والے عمیر خان نے بتایا کہ فیول اخراجات بڑھنے کے بعد انہوں نے کرایوں میں 70 سے 150 روپے تک اضافہ کیا ہے جبکہ مہنگائی کے باعث سواریوں کی تعداد میں بھی 10 سے 20 فیصد تک کمی آئی ہے۔

آن لائن ٹیکسی ڈرائیور طلحہ فاروقی کے مطابق پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد ٹیکسی کرایوں میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پہلے جہاں روزانہ تقریباً 1500 روپے تک آمدنی ہو جاتی تھی، اب یہ کم ہو کر 1000 سے 1200 روپے کے درمیان رہ گئی ہے۔

دوسری جانب نجی ملازم وقاص عباسی نے بتایا کہ دفتر آنے جانے کے لیے پہلے روزانہ تقریباً 600 روپے خرچ ہوتے تھے جو اب بڑھ کر 800 سے 900 روپے تک پہنچ گئے ہیں، جس کے باعث انہوں نے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنا شروع کر دی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے جبکہ تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کے سبب اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

More News