میرانشاہ: متاثرہ دکانداروں کو چیکس کی فوری ادائیگی کا مطالبہ، عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کی اپیل
میرانشاہ: انجمن تاجران حقیقی کے رہنماؤں نے عدالتی فیصلے پر فوری عملدرآمد اور متاثرہ دکانداروں کو مالی امداد کے چیکس جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ملک امشاد اللہ خان کی سربراہی میں میرانشاہ پریس کلب میں ہنگامی مشترکہ پریس کانفرنس کی گئی، جس میں اعلیٰ حکام سے تاجروں کے مسائل حل کرنے کی اپیل کی گئی۔
پریس کانفرنس میں ملک دین پایو خان، صدر شعریت خان، محمد رحمان، سرفراز خان، عزیز الرحمان، مالا نور خان اور داؤد الرحمان سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ میرانشاہ بازار کے تاجروں کے حق میں عدالتی فیصلہ آ چکا ہے، جس میں متاثرہ دکانداروں کو دو ماہ کے اندر چیکس جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کے مطابق اس فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث متاثرہ دکاندار مشکلات کا شکار ہیں۔
رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعیم اختر، کمشنر بنوں ڈویژن، ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان تیمور خان آفریدی اور جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل وسیم عارف راجہ سے اپیل کی کہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
تاجر رہنماؤں نے کہا کہ متاثرہ دکاندار شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں اور ان کے لیے روزگار دوبارہ شروع کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی امداد کے چیکس کی بروقت ادائیگی سے دکاندار اپنا کاروبار بحال کر سکیں گے۔
انجمن تاجران حقیقی نے امید ظاہر کی کہ اعلیٰ حکام اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ تاجروں کو ان کا حق دلانے کے لیے اقدامات کریں گے۔








