قرت العین وزیر ڈبلیو ایس ایس پی پشاور کی چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات
پشاور: حکومت خیبر پختونخوا نے قرت العین وزیر (بی پی ایس 18) کو واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کر دیا ہے۔
محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت قرت العین وزیر نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
قرت العین وزیر اس سے قبل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی میں بطور ایڈیشنل کلکٹر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ نئی تعیناتی کے بعد وہ پشاور میں پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب سے متعلق خدمات کی نگرانی کرنے والے ادارے ڈبلیو ایس ایس پی کی سربراہی کریں گی۔
ڈبلیو ایس ایس پی پشاور میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے، شہری علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل حل کرنے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داری ادا کرتا ہے۔ نئی سربراہ کی تعیناتی کے بعد ادارے کی کارکردگی اور شہری خدمات کی بہتری پر توجہ اہم ہوگی۔








