تیزی سے بڑھتی آبادی صحت، تعلیم اور روزگار کے لیے بڑا چیلنج ہے، وزیر خزانہ

تیزی سے بڑھتی آبادی صحت، تعلیم اور روزگار کے لیے بڑا چیلنج ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں آبادی میں تیزی سے اضافہ صحت، تعلیم اور روزگار کے شعبوں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ ان کے مطابق اس چیلنج کو انسانی وسائل کی ترقی، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ذریعے معاشی فائدے میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

عالمی بینک کے زیر اہتمام ایک گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے سے متعلق آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آبادی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے مذہبی رہنماؤں سے رابطے اور خواتین کی تعلیم اور روزگار میں شمولیت بڑھانے پر بھی زور دیا۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں قومی آبادی کونسل قائم کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبادی، صحت، تعلیم اور روزگار سے متعلق مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ آبادی سے معاشی فائدہ اٹھانے کے لیے ہنرمند افرادی قوت تیار کرنا اور نجی شعبے کی قیادت میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے فری لانسنگ اور آئی ٹی خدمات کو نوجوانوں کی آمدنی بڑھانے کے اہم مواقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے آبادی میں اضافے کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مسلسل حکومتی توجہ اور اعدادوشمار پر مبنی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دوسری جانب، وزیر خزانہ نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے علاقائی نائب صدر سے ملاقات کی، جس میں نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے تعاون مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

More News