نجی اسکول حادثہ: صوبے بھر کے نجی اسکولوں اور کالجوں کی عمارتوں کے ہنگامی معائنے کا مطالبہ

نجی اسکول حادثہ: صوبے بھر کے نجی اسکولوں اور کالجوں کی عمارتوں کے ہنگامی معائنے کا مطالبہ

ایبٹ آباد: آل پاکستان گورنمنٹ ایمپلائز کنفیڈریشن نے پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے حادثے میں خاتون ٹیچر سمیت 34 بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا سے صوبے بھر کے نجی اسکولوں اور کالجوں کی عمارتوں کے ہنگامی معائنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کنفیڈریشن کے چیف کوآرڈینیٹر جنرل حبیب اللہ خان عمرزئی نے شہداء کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں اور خاتون ٹیچر کی شہادت ایک دلخراش سانحہ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

کنفیڈریشن نے مطالبہ کیا کہ گورنر متعلقہ محکموں کو تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا فوری معائنہ کرنے کی ہدایت دیں۔ محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) سمیت متعلقہ تکنیکی اداروں کے ماہرین پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیں، جو عمارتوں کی مضبوطی، چھتوں، دیواروں، ستونوں اور بنیادوں کا تفصیلی جائزہ لیں۔

بیان میں کہا گیا کہ غیر محفوظ اور مخدوش عمارتوں کی فوری مرمت یقینی بنائی جائے اور بچوں و عملے کی حفاظت تک ضرورت کے مطابق وہاں تعلیمی سرگرمیاں روک دی جائیں۔

کنفیڈریشن نے پشاور اسکول حادثے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا، تاکہ واقعے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کا تعین کیا جا سکے۔ بیان کے مطابق اگر کسی فرد یا ادارے کی لاپرواہی ثابت ہو تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

کنفیڈریشن نے زور دیا کہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل درآمد اور عمارتوں کے باقاعدہ معائنے کا نظام قائم کیا جائے، تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

More News