بابر اعظم کا بڑا کارنامہ، انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار رنز مکمل کرنے والے پانچویں پاکستانی بن گئے

بابر اعظم کا بڑا کارنامہ، انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار رنز مکمل کرنے والے پانچویں پاکستانی بن گئے

راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار سے زائد رنز مکمل کرکے ایک اہم سنگِ میل عبور کرلیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پانچویں پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔

بابر اعظم نے یہ سنگِ میل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف تین ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ کے دوران عبور کیا۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ان کے انٹرنیشنل رنز کی مجموعی تعداد 16 ہزار 38 ہوگئی ہے۔

بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں 66 میچز کھیل کر 4 ہزار 771 رنز بنائے، جبکہ 144 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ان کے رنز کی تعداد 6 ہزار 671 ہے۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں انہوں نے 145 میچز کے دوران 4 ہزار 596 رنز اسکور کیے ہیں۔

تینوں فارمیٹس میں بابر اعظم اب تک 32 سنچریاں اور 111 نصف سنچریاں بھی بنا چکے ہیں، جو ان کی مستقل مزاج بیٹنگ کارکردگی کو ظاہر کرتی ہیں۔

پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں سابق کپتان انضمام الحق سرفہرست ہیں، جنہوں نے اپنے کیریئر میں 20 ہزار 541 رنز اسکور کیے۔ سابق کپتان یونس خان 17 ہزار 790 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

بابر اعظم کا یہ سنگِ میل پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اہم انفرادی کامیابی ہے۔ ان کی کارکردگی پر شائقینِ کرکٹ کی نظریں مرکوز ہیں، جبکہ تین ملکی سیریز میں پاکستان کی ٹیم کی کارکردگی بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

More News