پشاور میں مشرومز کھانے سے تین بچوں کی ہلاکت، گورنر کنڈی کا نوٹس، تین روز میں انکوائری رپورٹ طلب
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور کے علاقے گڑھی غلام رسول سے تعلق رکھنے والے تین بچوں کی مشرومز کھانے کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اموات کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی جامع تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔
گورنر کی ہدایت پر مشیرِ صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر تین روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔
انکوائری کمیٹی واقعے کے اسباب، ممکنہ غفلت اور ذمہ داری کا تعین کرے گی، جبکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ انکوائری کا مقصد صرف ذمہ داری کا تعین کرنا نہیں بلکہ ایسے مؤثر اقدامات یقینی بنانا بھی ہے جن سے مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کو روکا جاسکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہنگامی طبی امداد کی بروقت فراہمی اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ ایسے واقعات کی صورت میں فوری اور مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔
انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد واقعے کے اسباب اور ذمہ داری سے متعلق مزید تفصیلات واضح ہونے کی توقع ہے۔








