کفایت شعاری مہم سے بچنے والے 23 ارب سے موٹر سائیکل اور رکشا کو سبسڈی دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: 23 ارب کی بچت سے موٹر سائیکل اور رکشا مالکان کو سبسڈی دینے کا فیصلہ

اسلام آباد:ویب ڈیسک

حکومت نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت حاصل ہونے والی 23 ارب روپے کی بچت عوامی ریلیف پر خرچ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے موٹر سائیکل اور رکشا مالکان کو سبسڈی دینے کی منظوری دے دی ہے۔

سیکریٹری پیٹرولیم نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ سبسڈی مستحق افراد کو فراہم کی جائے گی، جن کی نشاندہی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کی بنیاد پر کی جائے گی۔ اس حوالے سے اوگرا اور پیٹرولیم ڈویژن نے عملی کام کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری پالیسی کے تحت حاصل ہونے والی بچت کو عوامی سہولت کے لیے استعمال کیا جائے گا، جیسا کہ ماضی میں کورونا وبا کے دوران سبسڈی دی گئی تھی۔

کمیٹی اراکین نے سوال اٹھایا کہ 23 ارب روپے کی یہ بچت کن اقدامات سے حاصل کی گئی اور اس کا فائدہ براہ راست عوام کو ملنا چاہیے، نہ کہ کمپنیوں کو۔ اس پر حکام نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق مختلف شعبوں میں اخراجات کم کر کے یہ بچت ممکن بنائی گئی ہے۔

دریں اثنا پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت خام تیل 11 دن، ڈیزل 21 دن، پٹرول 27 دن، ایل پی جی 9 دن اور جے پی ون 14 دن کے لیے دستیاب ہے۔

More News