شفیع جان اور اختیار ولی کی تلخ کلامی، سوشل میڈیا پر شدید تنقید
پشاور:ویب ڈیسک
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام کے دوران خیبرپختونخوا کے معاونِ اطلاعات شفیع جان اور وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی کے درمیان تلخ کلامی اور گالم گلوچ کے واقعے نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے حمایتی صارفین نے شفیع جان کا دفاع کیا، جبکہ مخالفین نے اختیار ولی کی حمایت کرتے ہوئے شفیع جان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ غیر جانبدار صارفین نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ قومی ٹی وی سکرین پر اس نوعیت کی زبان قابل قبول نہیں۔
پروگرام کے اینکر منصور علی خان نے بھی اس صورتحال پر برہمی ظاہر کی اور معذرت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دونوں رہنماؤں کو ایک ساتھ پروگرام میں مدعو نہیں کیا جائے گا۔ صارفین نے زور دیا کہ اہم سرکاری عہدوں پر فائز رہنماؤں کو ذاتی تلخ کلامی سے گریز کرتے ہوئے عوامی فلاحی منصوبوں اور حکومت کی کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے۔
سوشل میڈیا صارفین نے مطالبہ کیا کہ اگر دونوں رہنما ایک دوسرے کو برداشت نہیں کر سکتے تو مستقبل میں کسی پروگرام میں ایک ساتھ شرکت سے گریز کریں تاکہ ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔








