گجرات میں جائیداد کے تنازع پر بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل، ملزم 5 روز بعد گرفتار

گجرات میں جائیداد کے تنازع پر بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل، ملزم 5 روز بعد گرفتار

گجرات میں بیرون ملک سے پاکستان آنے والے شخص نے مبینہ طور پر جائیداد کے تنازع اور گھریلو ناچاقی پر اپنے بھائی کو قتل کردیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو پانچ روز بعد گرفتار کرلیا، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم 17 اکتوبر کو بیرون ملک سے پاکستان پہنچا اور اپنے بھائی کو فون کرکے گاؤں سے شہر بلایا۔ دونوں بھائیوں نے ایک ساتھ کھانا کھایا اور بعد ازاں گھر کے لیے روانہ ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ راستے میں ایک سنسان مقام پر پہنچنے کے بعد ملزم نے اپنے بھائی کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوکر روپوش ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر مقتول کے والد نے پولیس سے رابطہ کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے خود کو بیرون ملک ظاہر کیا اور پاکستان پہنچنے تک تدفین روکنے پر زور دیا، بعد ازاں اپنے بھائی کے جنازے میں بھی شریک ہوا۔

پولیس نے بتایا کہ دونوں بھائیوں کے ساتھ گھومنے پھرنے کے مختلف مناظر سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگئے، جن کی مدد سے تفتیش میں پیش رفت ہوئی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو پانچ روز کے اندر گرفتار کرلیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق قتل کی وجہ زمین کا تنازع اور گھریلو ناچاقی معلوم ہوتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کا تعین کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

More News