پاکستان کی ایران اور امریکا میں کشیدگی کم کرانے کیلئے ثالثی کی پیشکش
ویب ڈیسک
پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی کے لیے باضابطہ طور پر ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان خلیجی ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے اور ایران و امریکا کے درمیان تناؤ کم کرنے کے لیے ثالثی کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ماضی میں بھی مختلف تنازعات کے حل میں مؤثر کردار ادا کرتا رہا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے افغان طالبان کی جانب سے اسپتال پر بمباری کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔ ان کے مطابق پاکستانی افواج نے افغانستان میں کسی شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ کارروائیاں صرف دہشتگردوں کے ٹھکانوں تک محدود رہیں۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ دہشتگردوں کا ساتھ دیتی ہے یا پاکستان کا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے کئی شواہد افغانستان سے جڑتے ہیں اور ملک کا مؤقف واضح ہے کہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ ناگزیر ہے۔








