پشاور میں پولیس چوکی پر دستی بم حملے، 2 اہلکار زخمی

پشاور میں پولیس چوکی پر دستی بم حملہ، 2 اہلکار زخمی، حملہ آور فرار

ویب ڈیسک

پشاور میں سیکیورٹی صورتحال ایک بار پھر کشیدہ ہو گئی جب نامعلوم دہشت گردوں نے تھانہ بڈھ بیر کی چوکی زنگلی کو دستی بم حملے کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے اچانک چوکی پر ہینڈ گرینیڈ پھینکے، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چوکی پر تعینات اہلکاروں نے بھرپور جوابی فائرنگ کی، جس کے باعث حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے قریبی علاقوں میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے جبکہ شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے کا مقصد علاقے میں خوف و ہراس پھیلانا تھا، تاہم بروقت کارروائی کے باعث کسی بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔

حکام کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی مزید سخت کی جا رہی ہے اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

More News