کراچی میں معروف برانڈز کی 5 جعلی ادویات پکڑی گئیں، ڈریپ کا الرٹ جاری

کراچی میں معروف برانڈز کی 5 جعلی ادویات پکڑی گئیں، ڈریپ کا الرٹ جاری

جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف کارروائی کے دوران کراچی میں معروف قومی اور بین الاقوامی برانڈز کے نام پر تیار کی گئی پانچ جعلی ادویات کے بیچز پکڑے گئے ہیں۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے متعلقہ ادویات کے حوالے سے فوری الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ڈریپ کے مطابق ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کراچی نے پانچ ادویات کے بیچز کے نمونوں کو جعلی قرار دیا، جس کے بعد سندھ کے ڈرگ حکام کی اطلاع پر ریپڈ الرٹس جاری کیے گئے۔

الرٹ کے مطابق معدے کی جلن کے لیے استعمال ہونے والے معروف میوکین سیرپ کا ایک بیچ جعلی پایا گیا۔ اسی طرح سینے، ناک، گلے اور گردے کے انفیکشن کے علاج میں استعمال ہونے والی اینٹی بائیوٹک آگمنٹین ٹیبلٹس اور نمونیہ سمیت معدے اور گردے کے انفیکشن کے لیے استعمال ہونے والی ویلوسیف کیپسول کے جعلی بیچز بھی سامنے آئے ہیں۔

اس کے علاوہ اینٹی الرجی نیزل اسپرے نیزومٹ کا بیچ نمبر FW 099 اور پٹھوں کی سوزش کے لیے استعمال ہونے والی نوسپا فورٹ 80 ملی گرام کا بیچ نمبر AN010 بھی جعلی قرار دیا گیا ہے۔

ڈریپ کے مطابق پانچوں ادویات کے نمونوں میں خام مال کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ یہ ادویات مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر تیار کرکے مارکیٹ میں سپلائی کی گئیں، جبکہ ان کے معیار اور افادیت کا تعین نہیں ہو سکا۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ ان کا استعمال صحت کے لیے سنگین خطرات، حتیٰ کہ جان لیوا نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔

ڈریپ نے صوبائی ڈرگ حکام اور متعلقہ فیلڈ عملے کو ہدایت کی ہے کہ جعلی قرار دیے گئے ادویات کے متعلقہ بیچز فوری طور پر مارکیٹ سے ضبط کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔

More News