اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، گندم کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار

اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، گندم کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ضروری اشیائے خورونوش کی فراہمی، ملکی ذخائر اور قیمتوں پر کنٹرول سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء کی دستیابی، قومی ذخائر، خریداری کے نظام، مقامی کھپت اور قیمتوں کے رجحانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضروری اشیائے خورونوش کے ملکی ذخائر تسلی بخش ہیں اور موجودہ ذخائر مقامی مارکیٹ میں فراہمی کا تسلسل برقرار رکھنے میں مدد دے رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ملکی ذخائر اور درآمدی گندم اگلی فصل کی آمد تک ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔

اسحاق ڈار نے گندم کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے لیے گندم کی فراہمی بڑھانے سمیت تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے بنیادی اشیاء کی دستیابی اور قیمتوں کی مسلسل نگرانی پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں چینی کی مارکیٹ صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ حکام کے مطابق مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت 155 روپے فی کلوگرام کی مقررہ پرچون قیمت سے نمایاں طور پر کم ہے۔ مزید بتایا گیا کہ آئندہ کرشنگ سیزن تک مقامی ضروریات سے زائد ذخائر موجود ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ غذائی تحفظ یقینی بنانا اور عوام کو ضروری اشیاء مناسب قیمتوں پر فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزی اور مارکیٹ میں قیاس آرائیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے اور متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے سے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اشیائے خورونوش کے ذخائر، طلب و رسد اور قیمتوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کو بنیادی غذائی اشیاء کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

More News