صدر آصف علی زرداری کی اہم قانون سازی، تقرری اور قیدیوں کیلئے خصوصی رعایت کی منظوری
اسلام آباد: ویب ڈیسک
اسلام آباد: آصف علی زرداری نے متعدد اہم قانون سازی اقدامات، ایک اہم تقرری، سول اعزازات اور قیدیوں کیلئے خصوصی سزا معافی کی منظوری دے دی ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری تفصیلات کے مطابق صدر نے مختلف ترمیمی بلز کی منظوری دی جن میں پاکستان سٹیزن شپ (ترمیمی) بل 2026، اخبار ملازمین (شرائطِ ملازمت) ترمیمی بل 2026، زکوٰۃ و عشر (ترمیمی) بل 2026، نیشنل آرکائیوز (ترمیمی) بل 2026، پاکستان نیمز اینڈ ایمبلمز (غیر مجاز استعمال کی روک تھام) ترمیمی بل 2026، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن (ترمیمی) بل 2026، نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) بل 2026، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (ترمیمی) بل 2026 اور دانش یونیورسٹی اسلام آباد بل 2026 شامل ہیں۔
صدر مملکت نے اعجاز اسلم ڈار کی بطور ممبر فیڈرل پبلک سروس کمیشن تقرری کی بھی منظوری دی، جو بلوچستان کے کوٹے کے تحت ہوگی۔
مزید برآں صدر نے پروفیسر سرور محمد خواجہ، راشد ملک اور زین العابدین احسن کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز دینے کی منظوری بھی دی ہے۔
علاوہ ازیں صدر آصف علی زرداری نے عیدالفطر اور یوم پاکستان 2026 کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی رعایت کی بھی منظوری دے دی ہے۔








