ٹی ٹی پی کے خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب، بچوں کے ہاتھوں میں بندوق تھما دی

ٹی ٹی پی خوارج کا مکروہ چہرہ بے نقاب، کمسن بچوں کو ہتھیار تھما کر شدت پسندی کو فروغ دینے کی کوشش

ویب ڈیسک::

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے منسلک خوارج عناصر کا ایک اور تشویشناک اور سفاک پہلو سامنے آگیا ہے، جہاں کمسن بچوں کو اسلحہ تھما کر انہیں شدت پسندی کی راہ پر ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مختلف ذرائع سے سامنے آنے والی ویڈیوز اور اطلاعات نے اس امر کی نشاندہی کی ہے کہ یہ گروہ نہ صرف معصوم ذہنوں کو استعمال کر رہا ہے بلکہ انہیں تشدد اور گن کلچر کی طرف مائل بھی کر رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق بچوں کے ہاتھوں میں بندوق دینا کسی بھی صورت بہادری نہیں بلکہ یہ قوم کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ اس عمل کے ذریعے نہ صرف بچوں کے ذہنوں کو مسخ کیا جا رہا ہے بلکہ انہیں ایک خطرناک نظریے کے تابع بنانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے، جو معاشرے کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ چند ویڈیوز کے ذریعے خوارج کی جانب سے اپنے اثر و رسوخ کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، حالانکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ یہ عناصر خوف اور پروپیگنڈے کے ذریعے ایک جھوٹا تاثر قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ عوام کو گمراہ کیا جا سکے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بچوں کو نعرے لگوانا، اسلحہ استعمال سکھانا اور انہیں تشدد کی طرف راغب کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ گروہ عوام کا خیرخواہ نہیں بلکہ معاشرے کا دشمن ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ درختوں کو جلانا، ہتھیاروں کا پھیلاؤ اور معصوم بچوں کا استعمال ان کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جو درحقیقت تباہی اور انتشار کو جنم دیتی ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر قوم نے اس طرز عمل کے خلاف آواز نہ اٹھائی تو مستقبل میں یہی بچے تعلیم اور ترقی کے بجائے تشدد اور انتہا پسندی کی علامت بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خوارج کا بیانیہ اسلامی تعلیمات کے منافی ہے اور یہ صرف فساد، جبر اور انسانی وقار کی تذلیل پر مبنی ہے۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس خطرناک رجحان کے سدباب کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور بچوں کو شدت پسندی سے بچانے کے لیے اجتماعی سطح پر آگاہی مہم چلائی جائے۔

More News