پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دینا تاریخی اعزاز ہے، بھارت نے بھی ہماری طاقت کا اعتراف کیا، خواجہ آصف

پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دینا تاریخی اعزاز ہے، بھارت نے بھی ہماری طاقت کا اعتراف کیا، خواجہ آصف

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر دنیا میں اپنی عسکری صلاحیت اور طاقت منوائی ہے، جسے بھارت نے بھی تسلیم کیا ہے۔

یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی یہ کامیابی ملک کے لیے ایک تاریخی اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کے ذریعے دنیا کو اپنی طاقت کا احساس دلایا ہے۔

وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سکیورٹی ادارے گزشتہ کئی برسوں سے دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ افواج پاکستان اپنے خون کا نذرانہ پیش کرکے ملک کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کا تحفظ کر رہی ہیں۔

خواجہ آصف نے بیرونی طاقتوں کے فوجی اڈوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اڈے لازمی طور پر میزبان ممالک کے تحفظ کے لیے نہیں ہوتے بلکہ ان کے قیام کے پیچھے بیرونی طاقتوں کے اپنے مفادات بھی وابستہ ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی حقیقی حفاظت کا انحصار اس کی اپنی داخلی طاقت، دفاعی صلاحیت اور قومی استعداد پر ہوتا ہے۔ انہوں نے ملکی خودمختاری اور دفاع کے لیے اپنی صلاحیتوں پر انحصار کو اہم قرار دیا۔

More News