9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس: پولیس چالان عدالت میں جمع، ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا عندیہ
پشاور: انسداد دہشت گردی عدالت پشاور میں 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس کی سماعت کے دوران پبلک پراسیکیوٹر نے پولیس چالان جمع کرا دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ چالان جمع ہونے اور ملزمان نامزد ہونے کے بعد ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔
کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد نے کی، جس میں 9 مئی کے ملزمان کے وکیل علی زمان ایڈووکیٹ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران وکیل علی زمان ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں مزید وقت درکار ہے، اس لیے سماعت ملتوی کردی جائے۔
اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس میں پولیس چالان جمع ہوچکا ہے اور ملزمان کو نامزد کردیا گیا ہے، لہٰذا اب ملزمان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے۔
بعد ازاں عدالت نے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔








