حافظ آباد میں مسافر بس سیم نالے میں جاگری، 5 افراد جاں بحق، 30 زخمی
حافظ آباد: فتکی فلائی اوور کے قریب مسافر بس حادثے کا شکار ہو کر سیم نالے میں جاگری، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب رائیونڈ سے چنیوٹ میں اجتماع میں شرکت کے لیے جانے والا قافلہ مسافر بس میں سفر کر رہا تھا۔ فتکی فلائی اوور پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں بس سیم نالے میں جا گری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مسافروں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ جاں بحق افراد اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حادثے کے بعد علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری رہیں۔








