وسطی کرم کے عمائیدین کا مناتو ہائی اسکول اپ گریڈ کرنے اور گرلز ہائی اسکول کو اسٹاف فراہم کرنے کا مطالبہ

وسطی کرم کے عمائیدین کا مناتو ہائی اسکول اپ گریڈ کرنے اور گرلز ہائی اسکول کو اسٹاف فراہم کرنے کا مطالبہ

کرم: وسطی کرم کے عمائیدین نے علاقے میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے گورنمنٹ ہائی اسکول مناتو کو اپ گریڈ کرنے اور گرلز ہائی اسکول میں تدریسی عملہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وسطی کرم میں عمائیدین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رفیع اللہ چمکنی اور دیگر عمائیدین نے کہا کہ زیمشت میں واقع گورنمنٹ ہائی اسکول مناتو دور دراز علاقوں کے طلبہ کے لیے واحد ہائی اسکول ہے، جسے مزید اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مقامی طلبہ کو اپنے علاقے میں بہتر تعلیمی سہولیات میسر آسکیں۔

جرگے کے شرکاء نے گرلز ہائی اسکول میں تدریسی عملے کی کمی دور کرنے اور اسکول کے طلبہ و عملے کے لیے ہاسٹل کی منظوری دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں تعلیمی اداروں کو درپیش بنیادی مسائل حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

عمائیدین نے اسکول کی چاردیواری کی تعمیر، کمپیوٹر لیب کے قیام، کھیل کے میدان کی فراہمی اور دیگر ضروری سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔

انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا، ڈپٹی کمشنر کرم اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ ان مسائل کا فوری نوٹس لیا جائے اور طلبہ و اساتذہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

More News