ٹانک: ڈی پی او عبدالصمد خان کی بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم
ٹانک: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک عبدالصمد خان نے بم ڈسپوزل سکواڈ (BDU) کے اہلکاروں کو بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی پر تعریفی اسناد سے نوازتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس سلسلے میں ڈی پی او عبدالصمد خان نے اپنے دفتر میں بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ٹانک پولیس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی پذیرائی کے لیے انعام و سزا کا عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ فرض شناسی، پیشہ ورانہ مہارت اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دینے والے اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں، جن کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔
ڈی پی او ٹانک نے بم ڈسپوزل سکواڈ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اہلکار اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر شہریوں کی حفاظت اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی جرات، مہارت اور فرض شناسی قابلِ تحسین ہے۔
عبدالصمد خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس میں اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ محکمانہ نظم و ضبط برقرار رکھنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔








