پاکستان میں پریمیم بائیکس کا نیا دور، درآمدی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں کمی متوقع
پاکستان میں ہیوی بائیکس کے شوقین افراد کے لیے بڑی خبر سامنے آگئی ہے، جہاں پریمیم موٹر سائیکلوں کی مقامی اسمبلنگ شروع کرنے کے منصوبے سے مہنگی درآمدی بائیکس کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی توقع ہے۔
براق آٹوموبائلز نے اٹلی اور چین کے معروف موٹر سائیکل برانڈز کی پاکستان میں اسمبلنگ شروع کرنے کی تیاری کرلی ہے، جس سے ملک کی پریمیم بائیک مارکیٹ میں اہم تبدیلی آنے کا امکان ہے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مبین احمد کے مطابق اسمبلنگ پلانٹ رواں سال دسمبر تک مکمل طور پر تیار ہونے کی توقع ہے، جبکہ باقاعدہ پیداوار جنوری 2027 سے شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
کمپنی الیکٹرانک فیول انجیکشن (EFI) ٹیکنالوجی سے لیس موٹر سائیکلیں بھی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جن سے بہتر فیول ایوریج اور کارکردگی حاصل ہونے کی توقع ہے۔
براق آٹوموبائلز اس وقت بینلی (Benelli)، موٹو مورینی (Moto Morini) اور کیو جے موٹر (QJMOTOR) سمیت بین الاقوامی برانڈز کی موٹر سائیکلیں پاکستان میں درآمد اور تقسیم کرتی ہے۔ مقامی اسمبلنگ کے ذریعے ان بائیکس کو نسبتاً کم قیمت پر صارفین کے لیے دستیاب بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں موٹو مورینی کی آل ٹریک 450 ایڈونچر بائیک کی مقامی اسمبلنگ شروع کی جائے گی، جس کے بعد 300 سی سی موٹر سائیکل ماڈل کی تیاری کا منصوبہ ہے۔
کمپنی ایک مزید بین الاقوامی برانڈ کی موٹر سائیکلوں کی اسمبلنگ پر بھی غور کر رہی ہے، تاہم اس برانڈ کا نام ابھی ظاہر نہیں کیا گیا۔ مقامی سطح پر اسمبلنگ کا منصوبہ کامیاب ہونے کی صورت میں پاکستان میں پریمیم بائیکس کی دستیابی اور قیمتوں پر مثبت اثر پڑنے کا امکان ہے۔








