پاکستان کی سہ ملکی سیریز میں کامیابی پوری قوم کے لیے خوشی اور فخر کا باعث ہے، ثمر ہارون بلور

پاکستان کی سہ ملکی سیریز میں کامیابی پوری قوم کے لیے خوشی اور فخر کا باعث ہے، ثمر ہارون بلور

پشاور: مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ برائے گورنر خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر سہ ملکی سیریز کا فائنل جیتنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پوری قوم کے لیے خوشی اور فخر کا باعث ہے۔

اپنے ایک بیان میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں اور محنت کا بھرپور اظہار کیا۔ فخر زمان کی 127 رنز کی شاندار اننگز پاکستان کی فتح میں کلیدی اہمیت کی حامل رہی، جبکہ سعد بیگ اور عرفات منہاس کی کارکردگی بھی قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ہیروز نے اپنی بہترین کارکردگی سے پوری قوم کو خوشی کا موقع فراہم کیا ہے۔ گورنر کی قیادت میں بدلتے اور نکھرتے خیبرپختونخوا میں قومی کرکٹ ہیروز کا خیرمقدم کریں گے۔

ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ قومی ہیروز کے ساتھ مل کر خیبرپختونخوا کی رونقیں بحال کرنا چاہتے ہیں۔ صوبے میں کھیلوں، صحت مند سرگرمیوں اور مثبت تفریح کے فروغ کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی کرکٹ ہیروز نوجوان نسل کے لیے محنت، عزم اور کامیابی کی بہترین مثال ہیں، جن کی کامیابیاں نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہیں۔

More News