پاکستان تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے محفوظ ملک ہے، گورنر خیبر پختونخوا
پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے محفوظ ملک ہے اور حکومت تمام شہریوں کو مساوی حقوق، تحفظ اور مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں بابا گرو نانک کے 557ویں یومِ پیدائش کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے سکھ برادری کو مبارکباد دی اور کہا کہ اقلیتی برادریوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے حقوق اور فلاح و بہبود کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
تقریب میں سردار پرویندر سنگھ، سنی سنگھ، قاری روح اللہ مدنی، محکمہ انسانی حقوق کے رضوان اللہ اور سکھ برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر نے بابا گرو نانک کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود اقلیتی برادریوں کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ اقلیتوں کے حقوق سے متعلق طویل عرصے سے زیر التوا قانون سازی جلد مکمل کی جائے گی۔
گورنر نے مزید کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پائیدار امن ضروری ہے۔ قوم امن کے قیام کے لیے اے پی ایس کے شہداء، عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔








