بائنانس پر بڑا سائبر حملہ، ہیکرز کے اربوں ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے چرانے کا دعویٰ

بائنانس پر بڑا سائبر حملہ، ہیکرز کے اربوں ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے چرانے کا دعویٰ

دنیا کی بڑی کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائنانس پر بڑے سائبر حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے دوران ہیکرز نے مبینہ طور پر اربوں ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے منتقل کر دیے۔ واقعے کے بعد کمپنی نے پلیٹ فارم پر ڈپازٹس اور رقم نکلوانے کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق ہیکرز نے بائنانس کے انٹرنیٹ سے منسلک ہاٹ والٹس کو نشانہ بنایا اور صرف 15 منٹ میں 8 مختلف بلاک چین نیٹ ورکس کے ذریعے کرپٹو اثاثے منتقل کیے۔ بلاک چین تجزیاتی اداروں نے چوری ہونے والے اثاثوں کی مالیت تقریباً 5.91 ارب ڈالر بتائی ہے، جبکہ بعض اندازوں میں یہ نقصان 6 ارب ڈالر سے زیادہ قرار دیا گیا ہے۔

حملے کے بعد کرپٹو انڈسٹری کی جانب سے فوری اقدامات کیے گئے۔ رپورٹس کے مطابق ٹیدر اور سرکل نے ہیکرز سے منسلک بعض اکاؤنٹس میں موجود اربوں ڈالر مالیت کے اثاثے منجمد کیے، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 3 ارب ڈالر کے اثاثے فریز کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ اور شریک بانی یی ہی نے صارفین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے فنڈز محفوظ ہیں اور حملے سے ہونے والے نقصانات کمپنی اپنے ہنگامی انشورنس فنڈ کے ذریعے پورے کرے گی۔

واقعے کی خبروں کے بعد کرپٹو مارکیٹ میں بھی مندی دیکھی گئی۔ اطلاعات کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت میں 5 فیصد جبکہ بائنانس کے اپنے ٹوکن بی این بی کی قیمت میں 10 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔

More News