ایبٹ آباد پولیس کی کارروائیاں، منشیات فروش اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری گرفتار
ایبٹ آباد: پولیس نے منشیات فروشوں اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، ایک ملزم سے دو کلو 240 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی ہدایات پر ایس پی کینٹ ڈویژن اور ڈی ایس پی سرکل میرپور کی نگرانی میں تھانہ نواں شہر پولیس نے کارروائیاں کیں۔
ایس ایچ او تھانہ نواں شہر کیڈٹ قمر شہزاد نے پولیس نفری اور سردار فیصل کے ہمراہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نوید ولد عبدالرشید، سکنہ محلہ قلعہ، کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے دو کلو 240 گرام اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد ہوئی۔
دوسری کارروائی کے دوران پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری زبیع اللہ ولد شریف اللہ، سکنہ افغانستان، کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے حوالات منتقل کردیا ہے۔
ایبٹ آباد پولیس کے مطابق منشیات فروشی اور غیر قانونی قیام کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ جرائم کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔








