موسمیاتی تبدیلی کے باعث ملاوی میں خشک سالی، مویشیوں کی خوراک کا بحران شدت اختیار کرگیا

موسمیاتی تبدیلی کے باعث ملاوی میں خشک سالی، مویشیوں کی خوراک کا بحران شدت اختیار کرگیا

افریقی ملک ملاوی میں موسمیاتی تبدیلیوں اور طویل خشک سالی کے باعث مویشیوں کی خوراک کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے، جس سے کسانوں اور مویشی پالنے والے خاندانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں میں کمی اور گھاس کی قلت کے باعث کسانوں کو جانوروں کے لیے چارہ تلاش کرنے کی غرض سے کئی کلومیٹر دور دریاؤں کے کناروں تک جانا پڑ رہا ہے۔ ماضی میں کسان اکتوبر کے بعد گھاس جمع کرنے کے لیے نکلتے تھے، تاہم رواں سال انہیں کئی ماہ پہلے ہی دور دراز علاقوں کا رخ کرنا پڑا۔

چارے کی قلت کے باعث مویشیوں کی خوراک پر اخراجات بڑھ گئے ہیں، جبکہ مہنگائی اور خوراک کی عدم دستیابی نے کسانوں کی آمدنی بھی متاثر کی ہے۔ گایوں کی دودھ دینے کی صلاحیت میں کمی آرہی ہے، جبکہ مکئی کا چوکر بھی مہنگا اور مارکیٹ میں کم دستیاب ہے۔

مقامی کسانوں کے مطابق دریاؤں کے کناروں پر درختوں کی کٹائی اور غیر ضروری کاشت کاری نے بھی صورتحال کو مزید خراب کیا ہے۔ قدرتی نباتات کے خاتمے سے پانی کی سطح اور گھاس کی دستیابی متاثر ہوئی ہے۔

ملاوی میں 2023 اور 2024 کے دوران بارشیں معمول سے کم رہیں، جبکہ طویل خشک وقفوں نے زراعت اور مویشی پالنے کے شعبے کو نقصان پہنچایا۔ ایل نینو کے اثرات نے بھی جنوبی افریقہ میں بارشوں کے نظام کو متاثر کیا۔

ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے قدرتی وسائل کا تحفظ اور کسانوں کو متبادل خوراک کی فراہمی ناگزیر ہے۔

More News