پشاور میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف نئی حکمت عملی تیار، پولیس کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ
پشاور میں اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس نے نئی حکمت عملی تیار کرلی ہے، جس کے تحت آئندہ چند روز میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کیا جائے گا۔
اس حوالے سے سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کی گئیں۔
اجلاس میں حساس مقامات اور زیادہ جرائم والے علاقوں میں پولیس نفری کی تعیناتی اور گشت بڑھانے کی ہدایت کی گئی۔ اسٹریٹ کرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کرکے مخصوص اوقات میں ناکہ بندیاں کرنے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سی سی پی او کے مطابق پولیس پٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ کی نگرانی متعلقہ ڈویژنل ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز خود کریں گے تاکہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔
اجلاس میں قبضہ مافیا، منشیات فروشوں، اشتہاری ملزمان، سود خوروں اور انڈر پلے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم بھی دیا گیا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔
مزید برآں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری قانونی کارروائی اور ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پولیس افسران کو تمام تفویض کردہ ٹاسک 15 روز میں مکمل کرنے اور پیش رفت کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی گئی۔








