لاہور میں غیر قانونی کال سینٹر پر این سی سی آئی اے کا چھاپہ، دو خواتین سمیت 8 ملزمان گرفتار

لاہور میں غیر قانونی کال سینٹر پر این سی سی آئی اے کا چھاپہ، دو خواتین سمیت 8 ملزمان گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے ٹاؤن شپ میں قائم ایک غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق مذکورہ کال سینٹر کے ذریعے برطانوی شہریوں کو مبینہ طور پر ٹیلی کام فراڈ کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔ ملزمان معروف بین الاقوامی ٹیلی کام کمپنیوں اے ٹی اینڈ ٹی اور ویریزون کے نام استعمال کرکے شہریوں سے دھوکا دہی کرتے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور کی ہدایت پر کال سینٹر پر چھاپہ مارا گیا۔ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 53 ڈیجیٹل آلات برآمد کیے گئے، جن میں 28 لیپ ٹاپ، 10 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور 15 موبائل فون شامل ہیں۔

چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے ڈائل اَپ سافٹ ویئر اور مبینہ فراڈ سے متعلق ڈیٹا بھی برآمد کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق طیب طارق اور آمنہ طارق کال سینٹر کے مالکان اور منیجرز ہیں۔

این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) 2016 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ برآمد ہونے والے ڈیجیٹل آلات اور ڈیٹا کی جانچ سمیت واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے ذریعے مبینہ طور پر بیرون ملک شہریوں کو نشانہ بنانے والے غیر قانونی کال سینٹر کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد معاملے کے مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔

More News