پاکستان کا مقامی سطح پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ’فاز‘ کا کامیاب تجربہ
پاکستان نے دفاعی میدان میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقامی سطح پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ’فاز‘ کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ میزائل دشمن کے فضائی اہداف کو طویل فاصلے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے، جو اسے فضائی اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ میزائل کی پاک فضائیہ میں شمولیت سے فضائی آپریشنز کی صلاحیت اور حکمت عملی کے تحت کارروائی کرنے کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس کامیاب تجربے سے پاکستان کی مجموعی دفاعی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی، جبکہ یہ کامیابی ملکی دفاعی صنعت میں تکنیکی مہارت، جدت اور خود انحصاری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
میزائل کے تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران، سائنس دانوں اور انجینئرز نے کیا۔ اس جدید دفاعی نظام کی تیاری میں ان ماہرین نے اہم کردار ادا کیا۔
صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو سراہا۔
’فاز‘ میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری اور ملکی دفاعی صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔








