خیبرپختونخوا میں ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر قابو پانے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر صوبے کے توانائی مسائل کے پائیدار حل کے لیے وفاقی اور صوبائی قیادت کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر پیٹرولیم، گورنر فیصل کریم کنڈی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں طویل لوڈشیڈنگ کا معاملہ اٹھاتے ہوئے زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی بجلی کی بندش کا دورانیہ کم کرنے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے پر زور دیا۔

نئے نظام کے تحت پورے فیڈر کو بند کرنے کے بجائے انفرادی ٹرانسفارمرز کی سطح پر لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی، جس سے باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے والے صارفین کو لوڈشیڈنگ میں ریلیف مل سکے گا۔

اجلاس میں وفاقی حکومت اور صوبائی قیادت نے خیبرپختونخوا کے توانائی مسائل کے حل اور بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

More News