خیبرپختونخوا کے زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کم کرنے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر یہ اقدام صوبے کے عوام کے لیے جذبہ خیرسگالی کے تحت کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے صوبے کے توانائی مسائل پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے کی درخواست کی، جس پر وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم نافذ کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پورے فیڈر کی بجلی بند کرنے کا روایتی طریقہ ختم ہوجائے گا اور ٹرانسفارمر کی بنیاد پر بجلی کی فراہمی کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے واجبات کی بروقت ادائیگی اور بجلی چوری کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ عوام بھی حکومت کے اس اعتماد کا مثبت جواب دیں اور بجلی کے بل بروقت ادا کریں۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خیبرپختونخوا کو توانائی کے شعبے میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی قیادت کے درمیان رابطے برقرار رکھے جائیں گے۔








