28 سالہ طویل سفر ختم، دنیا کا چکر پیدل لگانے والا برطانوی مہم جو گھر پہنچ گیا
برطانوی مہم جو کارل بشبی نے بغیر جہاز، ٹرین یا گاڑی کا استعمال کیے دنیا کے گرد پیدل سفر مکمل کرلیا اور 28 سال بعد اپنے گھر پہنچ گئے۔ چار براعظموں اور 30 ممالک کا سفر طے کرنے والے کارل بشبی کا ان کی والدہ نے جذباتی انداز میں استقبال کیا۔
سابق برطانوی پیراٹروپر کارل بشبی نے نومبر 1998 میں چلی کے جنوبی سرے سے اپنے منفرد سفر کا آغاز کیا تھا۔ ان کا منصوبہ تقریباً 57 ہزار 936 کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کرتے ہوئے امریکا، روس اور یورپ سمیت مختلف ممالک سے گزر کر اپنے گھر واپس پہنچنا تھا۔ انہوں نے یہ سفر 12 سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم مختلف مشکلات اور رکاوٹوں کے باعث انہیں 28 سال لگ گئے۔
دوران سفر کارل بشبی کو کئی خطرناک حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ روس میں جاسوسی کے الزام میں گرفتاری اور ملک بدری کی دھمکی بھی ملی، جبکہ ایک موقع پر ان کا سامنا قطبی ریچھ سے ہوا۔ اس کے علاوہ مسلح افراد نے انہیں بندوق کی نوک پر روک لیا۔
سفر کے دوران سامان لے جانے کے لیے استعمال ہونے والی ٹرالی بھی خراب ہوگئی، جس کے باعث انہیں اسے تبدیل کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق کارل بشبی نے پیر کے روز ہل سٹی ہال سے اپنے گھر تک آخری چند کلومیٹر پیدل سفر مکمل کیا، جہاں 28 سال بعد اپنی والدہ سے ملاقات نے اس طویل مہم کو جذباتی اختتام بخش دیا۔








