شمالی وزیرستان: تحصیلدار میرانشاہ کا محکمہ لائیو اسٹاک کے دفاتر اور میڈیسن اسٹور کا معائنہ
شمالی وزیرستان میں سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے معائنوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان محمد تیمور خان آفریدی کی ہدایات اور اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ کی نگرانی میں تحصیلدار میرانشاہ نے ایریا محرر سٹی اور تحصیل محرر میرانشاہ کے ہمراہ محکمہ لائیو اسٹاک کے دفاتر اور میڈیسن اسٹور کا دورہ کیا۔
معائنے کے دوران عملے کی حاضری، دفاتر میں صفائی ستھرائی، سرکاری ریکارڈ کی دیکھ بھال اور مویشیوں کے علاج کے لیے دستیاب ادویات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ادویات کی میعادِ استعمال اور انہیں محفوظ رکھنے کے انتظامات بھی چیک کیے گئے۔
تحصیلدار میرانشاہ نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ دفتری نظم و ضبط برقرار رکھا جائے، سرکاری ریکارڈ کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے اور مویشیوں کے علاج کے لیے معیاری ادویات کی بروقت دستیابی یقینی بنائی جائے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، عوامی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ایسے معائنے آئندہ بھی جاری رہیں گے۔






