سہیل آفریدی اور اسپیکر کی بازیابی کی درخواست لارجر بینچ کے لیے چیف جسٹس کو ارسال

سہیل آفریدی اور اسپیکر کی بازیابی کی درخواست لارجر بینچ کے لیے چیف جسٹس کو ارسال

پشاور ہائیکورٹ نے معطل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کی بازیابی کے لیے دائر درخواست کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے معاملہ لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس کو ارسال کر دیا ہے۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق درخواست کے ساتھ منسلک دیگر درخواستیں بھی چیف جسٹس کو بھجوا دی گئی ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ معاملہ عوامی اہمیت کا حامل ہے، اس لیے اس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب جمع نہ کروا کر عدالتی حکم کی تعمیل نہیں کی۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ محکموں سے رپورٹس طلب کرنے کے باعث جواب جمع کرانے میں وقت لگا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت وزیر اعلیٰ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ اسپیکر کی اجازت کے بغیر رکن صوبائی اسمبلی کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق اسپیکر کا عہدہ بھی مسلسل قائم رہنے والا ہے، اس لیے ان کی گرفتاری یا رہائش گاہ پر چھاپہ نہیں مارا جا سکتا۔

عدالت نے معاملے کی عوامی اہمیت کے پیش نظر درخواست لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس کو ارسال کر دی ہے۔

More News