خیبر پختونخوا میں بارشوں سے تباہی، اموات کی تعداد 33 ہوگئی
پشاور: جنید طورو
خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ہے، تاہم نقصانات کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف اضلاع میں بوسیدہ مکانات کی چھتیں گرنے کے واقعات میں مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 33 تک پہنچ گئی۔
ضلع صوابی کے علاقے یارحسین میں گھر کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ تین خواتین زخمی ہوئیں۔ ضلع خیبر کے علاقے چورا میں کچے مکان کی چھت زمین بوس ہونے سے دو خواتین جان کی بازی ہار گئیں اور دو بچے زخمی ہوگئے۔ لنڈی کوتل کے علاقے خوگہ خیل گونگی کلی میں بھی کمرے کی چھت گرنے سے دو بچیاں زخمی ہوئیں۔
دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وانا-گومل زام روڈ چار روز گزرنے کے باوجود بحال نہ ہو سکی، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سڑک کی بحالی کے لیے ہیوی مشینری کے ذریعے کام جاری ہے جبکہ ٹریفک کو متبادل جنڈولہ روڈ سے گزارا جا رہا ہے۔
ادھر مری میں جھیکاگلی چوک ری ماڈلنگ منصوبہ بھی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگیا۔ متعدد گھروں کی دیواروں، چھتوں اور برآمدوں میں دراڑیں پڑ گئیں جبکہ درجنوں درخت گر گئے۔ انتظامیہ نے متاثرہ علاقے کو خالی کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے اور مساجد میں اعلانات کے بعد مکینوں نے ہنگامی بنیادوں پر نقل مکانی شروع کر دی ہے۔







